‘مانی اور میری دوست ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے’، حرا نے پرانے بیان کی وضاحت دیدی

اداکارہ حرا مانی نے شوہر سلمان ثاقب المعروف مانی سے متعلق اپنے ماضی میں دیے گئے بیان پر وضاحت پیش کی ہے۔

حال ہی میں حرا اور مانی نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئے جس میں میزبان ندا یاسر نے حرا سے سوال کیا کہ ‘میں تمہارا ایک انٹرویو دیکھ رہی تھی،تم نے ثمینہ پیرزادہ کے ویب شو میں کہا تھا کہ مانی مجھے ایسے ملا کہ وہ میری دوست کا منگیتر تھا، اس کے بعد تمہیں سوشل میڈیا پر کافی ٹرول کیا گیا تو یہ کیا کہانی تھی’۔

جواب میں حرا نے کہا ‘ندا، اگر تم وہ شو دیکھو تو میں نے منگیتر تو کہا ہی نہیں، میں نے کہا تھا کہ مانی میری دوست کا دوست تھا’۔
اداکارہ کے جواب پر ندا نے فوراً کہا کہ ‘ہاں میں نے غلطی سے منگیتر کہہ دیا، تم نے دوست کہا تھا’۔

حرا مانی نے وضاحت پیش کی اور مزید کہا ‘ان دونوں کے بیچ نہ منگنی ہوئی تھی نہ کچھ اور تھا، ثمینہ پیرزادہ نے سوال کیا تو میں نے یہ قصہ ویسے ہی شیئر کردیا’۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘مجھے لگتا ہے اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے، ہر کسی کی اپنی ذاتی زندگی ہوتی ہے اور کوئی کسی کی طرح نہیں بن سکتا، سب کی اپنی شخصیت ہے، کبھی وہاں شادی نہیں ہوتی جہاں ہم چاہتے ہیں’۔

اس پر مانی نے کہا کہ ‘اس وقت میں اور بھی بہت سی لڑکیوں سے بات کررہا تھا جن میں وہ (حرا کی دوست) بھی شامل تھیں’۔

واضح رہے کہ چار سال قبل حرا مانی نے ثمینہ پیرزادہ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ میری دوست اور مانی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، اور میں مانی کی بہت بڑی مداح تھی۔

حرا نے انکشاف کیا کہ اس وقت وہ بھی ایک بینکر سے رشتے میں تھیں اور جلد دونوں کی شادی ہونے والی تھی، لیکن انہوں نے دوست کے موبائل سے چھپ کر مانی کا نمبر نکالا اور ان سے بات چیت شروع کردی۔