شاہ رخ خان کو فیفا ورلڈ کپ کا فائنل دیکھتے ہوئے والدہ کی یاد آ گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو فیفا ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھتے ہوئے اپنی والدہ مرحومہ کی یاد آ گئی۔شاہ رخ خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز اور یاد گار فائنل میچ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ہم اس دور میں جی رہے ہیں جب ورلڈ کپ کے فائنلز میں اب تک کا سب سے بہترین فائنل کھیلا گیا۔کنگ خان کو فیفا ورلڈ کپ میں گزشتہ روز ہونے والا فائنل میچ دیکھ کر اپنا بچپن یاد آ گیا جب وہ اپنی والدہ مرحومہ کے ساتھ گھر میں موجود چھوٹے سے ٹی وی پر ورلڈ کپ دیکھا کرتے تھے۔اُنہوں نے لکھا ہے کہ مجھے اب بھی ایک چھوٹے سے ٹی وی پر اپنی ماں کے ساتھ فٹبال ورلڈ کپ دیکھنا یاد ہے اور آج مجھے اپنے بچوں کے ساتھ ورلڈ کپ دیکھ کر وہی جوش محسوس ہوا!شاہ رخ خان نےاپنے ٹوئٹ کے آخر میں میسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم سب کو ٹیلنٹ، محنت اور خوابوں پر یقین دلانے کے لیے لیونل میسی کا شکریہ!یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو پنالٹیز پر شکست دے کر ارجنٹینا تیسری مرتبہ فٹبال کا عالمی چیمپئن بن گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں