بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی بیٹی کی منگنی میں بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو بحیثیت بیک گراؤنڈ ڈانسر دیکھ کر اداکار کے مداح سیخ پا ہوگئے۔
یہ سب ہی جانتے ہیں کہ امبانی فیملی کرکٹ اور بالی وڈ انڈسٹری سے کافی قریب ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس ارب پتی تاجر کے خاندان کی ہر تقریب میں فلمی ستارے اور کرکٹرز ضرور نظر آتے ہیں۔
یہی نہیں بلکہ بالی وڈ اسٹارز ان تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے اور خصوصی پرفارم بھی کرتے ہیں۔
ایسی ہی 2018 کی ایک پرانی تقریب کی ویڈیو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے صفِ اوّل کے اداکار سلمان خان کو مکیش امبانی کی بیٹی ایشا کی منگنی کے دوران ایک پرفارمنس میں بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مکیش امبانی کے بیٹے آنت اپنی منگیتر رادھیکا مرچنٹ ( اب بیوی) کے ہمراہ شاہ رخ خان کے گانے ‘کوئی مل گیا ‘پر اسٹیج پر ڈانس کر رہے ہیں۔
اسی دوران آننت اور رادھیکا کے پیچھے سلمان خان دیگر بیک گراؤنڈ ڈانسرز کے ہمراہ ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔
تاہم اب ویڈیو وائرل ہونے پر سلمان خان کے مداح اپنے پسندیدہ اداکار کو بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر دیکھ کر زیادہ خوش دکھائی نہیں دیے۔